پاکستان میں 8 اکتوبر کے زلزلے کو 16 برس بیت گئے

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پاکستان میں 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کو آج 16 برس مکمل ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد میں 2005 کے زلزلے میں جاں بحق افراد کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں زلزلے میں جاں بحق افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، تقریب میں مارگلہ ٹاور کے باہر جاں بحق افراد کے ورثا اور سول سوسائٹی کے ممبران بھی شریک ہوئے۔

راولاکوٹ کے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ سائرن بھی بجایا گیا جبکہ بالاکوٹ گورنمنٹ ہائی سکول میں شہداء زلزلہ کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

8اکتوبر کے زلزلے میں 70 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، زلزلے سے مظفر آباد اور باغ کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے تھے۔ 8 اکتوبر کے زلزلے سے اسلام آباد کے مارگلہ ٹاورز کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا تھا، زلزلےسےخیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ریکٹر سکیل پر یہ زلزلہ زیر زمین 15 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس کی شدت7 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ تباہ کن زلزلے سے بالاکوٹ کا95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوا جبکہ مظفرآباد، باغ، ہزارہ اور راولاکوٹ میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے۔

8 اکتوبرکے زلزلے سے 28 لاکھ افراد بے گھر بھی ہوئے تھے، اس زلزلے میں مظفرآباد کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، جبکہ مظفر آباد میں مکانات، سکولز، کالجز، دفاتر، ہوٹلز، ہسپتال، مارکیٹیں، پلازے ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔