پاکستان کے طویل القامت شہری اعجاز احمد انتقال کر گئے

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پاکستان کے طویل القامت فرد اعجاز احمد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھکر سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے طویل القامت انسان اعجاز احمد انتقال کر گئے، ان کی عمر 42 سال تھی اور وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں آبائی قبرستان تھلہ سریں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اعجاز احمد علالت کے دوران حکومت سے امداد کی اپیل کرتے رہے، تاہم حکومت کی جانب سے کوئی مدد نہ کی گئی، انسانی حقوق کی تنظیموں نے البتہ ان کی محدود امداد ضرور کی تھی، مرحوم کے سوتیلے بھائیوں نے ان سے تمام جمع پونجی چھین لی تھی اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے۔

واضح رہے کہ 1976 میں پیدا ہونے والے اعجاز احمد کا تعلق پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے دریا خان سے تھا، ان کا قد 7 فٹ 10 انچ ہے جب کہ خود ان کا دعویٰ ہے کہ ان کا قد 8 فٹ 4 انچ ہے لیکن ان کے اس دعوے کی تصدیق نہ ہو سکی تھی۔

ایک کسان خاندان سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد ایک حادثے میں اپنی کولہے کی ہڈی تڑوا بیٹھے جس کے لیے آپریشن کیا گیا مگر افسوس یہ کہ اِس آپریشن نے اُن کو معذور کر دیا اور ان کی سیدھی ٹانگ ان کی الٹی ٹانگ سے چھوٹی ہو گئی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ لاٹھی کے سہارے کے بغیر چل نہیں سکتے تھے بلکہ انہیں سیدھے پیر میں خصوصی طور پر بنایا گیا بہت موٹے تلے والا جوتا پہننا پڑتا تھا۔