قبائلی اضلاع کے تمام طلباء کو مفت سکول بیگز اور سٹیشنری کی فراہمی

صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں ساڑھے پانچ لاکھ طلبہ کو سکول بیگ اورسٹیشنری سمیت جیومیٹری بکس اور پنسل وغیرہ مفت دینے کیلئے39کروڑ85لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔

منصوبہ کی منظوری کے ساتھ ہی قبائلی علاقہ جات کے ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ پر واضح کیا گیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار قبائلی اضلاع کے سکولوں میں طلباء اور طالبات کو درسی کتب ، کاپیاں اور سکول بیگ دئیے جارہے ہیں اس لئے اس کی خریداری میں انتہائی شفافیت کا مظاہرہ کیا جائے۔

محکمہ ابتدائی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیم کے فروغ کیلئے 368.505ملین روپے کا منصوبہ تجویز کیا گیا تھا جسے پی ڈی ڈبلیو پی یعنی پراونشل ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی نے منظوری دیدی ہے.

منصوبے کے تحت کلاس ون سے پانچویں جماعت تک کے4 لاکھ 69 ہزار 8 سو 27 طلبہ کیلئے فی بیگ 650 روپے کے تناسب سے 30 کروڑ 53 لاکھ88ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے اسطرح قبائلی اضلاع کے سکولوں میں چھٹی سے دسویں جماعت تک کے 84ہزار 6 سو 52 بچوں کو 11 سو روپے قیمت کے بیگ مفت دئیے جائیں گے.

کلاس ون سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے بیگ کا سائز اور سٹیشنری کی تفصیل بھی متعین کردی گئی ہے.

مذکورہ کلاسز کے بچوں کیلئے بیگ میں انگلش، اردو، ریاضی اور سائنس کی 80صفحات پر مشتمل8نوٹ بکس، جیومیٹری بکس، سیاہی والا قلم، کلر پنسل سیٹ اور شاپنر وغیرہ ساتھ میں دئیے جائیں گے جبکہ چھٹی سے دسویں جماعت تک بچوں میں سیاہی والے پن اور بیگ کیساتھ انگلش، اردو اور سائنس کی پانچ نوٹ بکس اور جیومیٹری بکس وغیرہ دئیے جائیں گے۔