درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا باضابطہ افتتاح

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

عبدلقیوم آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا باضابطہ افتتاح کر لیا۔

اس موقع پر ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمود خان کے علاوہ گورنر شاہ فرمان، وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی اور محکمہ سوئی گیس کے حکام کے علاوہ مقامی عمائدین، مشران اور عوان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ منصوبہ 350 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا چکا ہے، منصوبے سے درہ آدم خیل کے پانچ قبیلوں کو گیس کی فراہم کی جائے گی اور جو دیہات سوئی گیس منصوبہ سے رہ گئے ہیں انکی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔

وزیر اعلی نے درہ آدم خیل ہسپتال کی آپ گریڈیشن اور گرلز کالج کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر ایک سال میں 83 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، پشاور سے ڈی آئی خان تک ایکسپریس وے کی تعمیر سے جنوبی اضلاع کی ترقی ہوگی، قبائلی اضلاع کے ہر فرد کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی مفت صحت سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام ایف آرز کا بہت جلد دورہ کریں گے۔

محمود خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی میں تقریر تاریخی تھا، وزیر اعظم کو جنرل اسمبلی میں مسلۂ کشمیر اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چند نابالغ لیڈر عمران خان کی تقریر پر تنقید کررہے ہیں، کچھ لوگوں کے ساتھ سیاست کرنے کے لئے بھی کچھ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں کس وزیر اعظم نے عمران خان کی طرح نمائندگی کی ہے، ذوالفقار علی بٹھو کی عزت کرتے ہیں مگر ایک کاغذ پھاڑنے سے بھی کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوا تھا۔