عمر شریف کی حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں تدفین

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

معروف پاکستانی کامیڈین عمر شریف مرحوم کی عظیم صوفی بزرگ حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں تدفین کیلئے محکمہ اوقاف سندھ اور مزار انتظامیہ نے انتظامات شروع کر دیئے۔

عمر شریف کیلئے مزار کے داخلی راستے سے ملحق قبرستان میں قبر تیار کی جائے گی، جس کے تھوڑے سے فاصلے پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ہمشیرہ محترمہ شیریں جناح آرام فرما ہیں۔

عمر شریف کو بزرگان دین سے بے پناہ عقیدت تھی، وہ حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ سے جنون کی حد سے محبت کرتے تھے اور اکثر اوقات رات گئے مزار پر بغیر کسی پروٹوکول کے آتے اور کافی دیر تک یہاں بیٹھ کر وظائف کرتے تھے۔

7 اکتوبر 2010ء کو مزار سید عبداللہ شاہ غازیؒ پر بم دھماکے کے واقعہ کے چند روز بعد یہاں عرس کی تقاریب تھیں، جس کی وجہ سے مزار کو انتہائی حساس قرار دیا گیا.

اس صورتحال میں عمر شریف نے میزبان کر عرس کی تقاریب میں شرکت کی اور مرکزی تقریب میں کمپئرنگ کی ذمہ داری سنبھالی، اس دوران انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے انتقال کے بعد ان کی تدفین حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے قدموں میں ہو۔

مزار سے ملحق چشمہ مبارک میں قیام پذیر ایک بزرگ خاتون جو دادی اماں کے نام سے مشہور تھیں، عمر شریف ان کے ہاں بھی حاضری دیتے تھے، اس دوران ان کی اہلیہ زرین غزل اکثر ان کے ہمراہ ہوتی تھیں۔

فن کے شعبے میں عمرشریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کامیڈی کنگ عمرشریف کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا فن کے شعبے میں عمرشریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم خان نے کامیڈی کنگ عمرشریف کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور عمرشریف کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمرشریف بےشمارصلاحیتوں کےمالک اورفنون لطیفہ کی دنیامیں منفردمقام رکھتےتھے، فن کے شعبے میں عمرشریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صدرمملکت عارف علوی نے عمرشریف کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا عمرشریف منفردحس مزاح کےمالک تھے ، اللہ مرحوم کوغریق رحمت کرے،اہلخانہ کوصبرعطافرمائے۔

عمر شریف کے لیے بھارتی کامیڈینز کے پیغامات

مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما اور جونی لیور نے بھی کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ‘دی کپل شرما شو’ کے ہوسٹ کپل شرما نے اسٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر ایک ٹوئٹ میں اظہار افسوس کیا۔

بھارتی کامیڈین کپل شرما نے لکھا ‘الوداع لیجینڈ، خدا آپ کی روح کو سکون دے۔’

بھارتی فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمر شریف نے ڈراموں کو نیا درجہ دیا، عمر شریف نمبر ایک ادکار تھے، جونی لیور اپنا کام کرتاہے لیکن عمر شریف کا کام بالکل الگ تھا،ان کے جیسےلوگ ہزاروں سال میں پیدا ہوتےہیں۔

جونی لیور نے کہا 1990میں عمر شریف کوئی فلم لکھنےبھارت آئے تھے، ہم گھنٹوں بیٹھ کر باتیں کرتے تھے، عمر شریف بہت حاضر جواب تھے، ان کا کام ہی کچھ اور تھا، وباسے دو سال پہلے ہم امریکا میں شو کرنا چاہتےتھے، میری 4سے 5 ماہ پہلےبھی عمر شریف سےبات ہوئی تھی۔

جونی نے مزید کہا ہم سیکھنےکی کوشش کرتے تھےکہ وہ بے ساختہ جملےکیسےکہہ جاتے ہیں، عمر شریف سے پوچھا تو بولے بس ہو جاتاہے۔

واضح رہے کہ عمر شریف نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بہت مقبول رہے ہیں، بھارت میں سامنے آنے والے اسٹیج کامیڈینز ہمیشہ عمر شریف کو کاپی کرتے رہے۔

کپل شرما بھی ان بھارتی کامیڈینز میں سے ایک ہیں جو عمر شریف کے مداح رہے ہیں، ایک بار کپل شرما نے کہا تھا کہ انھوں نے کامیڈی عمر شریف ہی سے سیکھی۔

ادھر ٹوئٹر پر عمر شریف کا ٹرینڈ ٹاپ پر جا رہا ہے، اب تک ان کے لیے 16 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے جا چکے ہیں، اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے، انھیں کراچی سے واشنگٹن علاج کے لئی پہنچایا جا رہا تھا، لیکن ناساز طبیعت کے باعث انھیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کر دیا گیا تھا۔

سیاسی رہنماؤں کا اظہار رنج وغم

سیاسی رہنماؤں نے معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر اپنے پیغام میں کہا کہ عمرشریف پاکستان کا اثاثہ تھے انہوں نے ہمیشہ فہقے بکھیرے ، ان کی وفات سےپیداخلاپرنہیں ہوسکتا، حکومت نے عمرشریف کے علاج معالجے کی پوری کوشش کی ، عمر شریف کے انتقال پر پوری قوم افسردہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے بھی لیجنڈ اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عمر شریف کی رحلت پردل انتہائی رنجیدہ ہے، اللہ عمر شریف کوغریق رحمت کرے،پسماندگان کوصبرجمیل عطافرمائے، عمرشریف کوکامیڈی کی دنیامیں منفردمقام حاصل رہا، انھوں نےشاندارکام سے نسل در نسل ناظرین کےدل جیتے، وہ عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

لیجنڈری اداکار عمر شریف کے انتقال پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین اور دکھی ہے، میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت ، درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ، آمین

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے ساری زندگی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں، بیرون ملک بھی عمر شریف نے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ، فخر پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسٹیج اداکارعمرشریف کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا عمرشریف کےانتقال کی خبرنےلاکھوں مداحوں کوسوگوارکردیاہے، چہروں پرمسکراہٹیں بکھیرنےوالافنکاراپنےچاہنےوالوں کودکھی کرگیا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عمر شریف کے انتقال پراظہارتعزیت کرتے ہوئے شعبہ فن میں عمر شریف کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا عمرشریف کی شعبہ فن کےلیےخدمات کوہمیشہ یادرکھاجائےگا۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان اور دنیائے ظرافت ایک عظیم اداکار سے محروم ہوگیا، کروڑوں چہروں پر ہنسی بکَھیرنے والے عمر شریف جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، اس عظیم نقصان پر سوگوار خاندان کے ساتھ پوری قوم غمگین ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عظیم کامیڈین عمرشریف کےانتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا عمر شریف ایک عظیم اداکار تھے، عمر شریف کی فن مزاح میں خدمات دنیامیں یادرکھی جائیں گی۔

سابق صدر آصف زرداری نے عمرشریف کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا مرحوم عمرشریف کی فن کیلئےخدمات ناقابل فراموش ہیں۔

عمر شریف اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس چھوڑ گۓ

ملک کے نامور فنکاروں نے عمر شریف کی رحلت پر اپنے انتہائی رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی اظہار تعزیت کیا ہے اور ان کی مغفرت کیلیے دعا کی ۔

عمر شریف کے قریبی ساتھی شکیل صدیقی (تیلی) نے کہا کہ عمر شریف میرے استاد تھے میں نے ان کے ساتھ 20سال ساتھ کام کیا، میں ان کے ساتھ بچوں کی طرح رہا ہوں، عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر بہت رنجیدہ ہوں۔

معروف اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ عمر شریف کے ساتھ بہت سی یادیں وابستہ ہیں، ان کے انتقال کا سن کرافسوس ہوا، عمر شریف کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی۔

مشہور اداکار سہیل احمد کا کہنا تھا کہ عمرشریف کا بچھڑنا ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے، عمرشریف کا دنیا میں بڑا نام تھا، بہت پیارے انسان تھے، انہوں نے ہم سب کو ہمیشہ ہنسایا لیکن جاتے ہوئے رلا دیا۔

اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ عمرشریف میرے پرانے ساتھی تھے، ان کے بیٹے سے رابطے میں تھا، عمرشریف جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے، ان کو دنیا کے ہر کونے میں لوگ جانتے تھے، دنیا کو ہنسانے والا آج ہمیں رلا گیا،

اداکار بہروزسبزواری کا کہنا تھا کہ عمرشریف سے ہمارا ساتھ 45برس سے بھی زائد تھا، ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اہل خانہ سے رابطے میں رہتا تھا، عمرشریف ہمیشہ ہنستے مسکراتے ملتے تھے، عمر شریف ہمیشہ غریبوں کا اور خصوصاً اپنے ساتھی فنکاروں کا بہت خیال رکھتے تھے۔

اسماعیل تارا کا کہنا تھا کہ عمر شریف اسٹیج کا بادشاہ تھا اور بادشاہ ہی رہے گا، ان کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا، عمرشریف نے اپنی ہر ذمہ داری احسن طریقے سے بخوبی نبھائی۔

اسماعیل تارا نے کہا کہ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ کامیڈی کیا ہوتی ہے، عمر شریف سے لوگ محبت کرتے تھے یہ ان کیلئے سب سے بڑا ایوارڈ تھا۔ عمرشریف لوگوں کو ہنساتے ہنساتے خود بیمار ہوگیا۔،

یاد رہے کہ امریکا میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب نے گزشتہ دنوں عمر شریف کی بیماری سے متعلق اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ عمر شریف کے دل کے ایک والو کے مسلز کمزور ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اس تکلیف کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہی ہوسکتا ہے لیکن عمر شریف کی پہلے ہی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے جبکہ ان کے گردے بھی کمزور ہیں لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

رمیز راجہ سمیت دیگر کرکٹرز کا اظہار افسوس

پاکستانی کرکٹرز نے معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیج کے بے تاج بادشاہ کامیڈی کنگ عمر شریف جرمنی میں انتقال کرگئے، چیئرمین پی سی بی اور پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کامیڈی کنگ کے انتقال پر کہا کہ عمر شریف کا حسِ مزاح کمال تھا جسے کسی صورت بھلایا نہیں جاسکتا۔

بابر اعظم

کپتان بابر اعظم نے لیجنڈری اداکار کی دنیا سے رخصت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سے دل شدید رنجیدہ ہے، بلاشبہ عمر شریف مزاح کے بےتاج بادشاہ تھے۔

محمد حفیظ

محمد حفیظ نے کامیڈی کنگ کے انتقال پر اہل خانہ و مداحوں کو تعزیت پیش کی اور دعا کی پروردگار انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے۔

محمد رضوان

عمر شریف صاحب اور ان کی کارکردگی پاکستان کی محبت سے لبریز تھیں، یہ واقعی ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے اللہ رب العزت سے عمر شریف کو جنت الفردوس عطا کرنے کی دعا کی اور مداحوں سے لیجنڈری اداکار کے لیے سورۃ فاتحہ اور درود پاک پڑھنے کی درخواست کی۔ وکٹ کیپر و بلے باز محمد رضوان نے ایشین کامیڈی کے گارڈ کہلائے جانے والے اداکار عمر شریف کے انتقال کی خبر شعر کے ذریعے غم کا اظہار کیا۔

ستم ظریفی ذرا تو دیکھو

ہنسانے والا رُلا کے اُٹھا

عمر گل

بے شک ہم اللہ کی طرف سے آئے ہیں اور اسی کی طرف لوٹیں گے، مزاحیہ ڈراموں کے بے تاج بادشاہ کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ عمر گل نے مداحوں سے عمر شریف کے لیے سورۃ فاتحہ درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان کی آخرت آسان فرمائے اور جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے

خیال رہے کہ طنز و مزاح کے بادشاہ لیجنڈری اداکار عمر شریف کچھ دیر قبل طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔