ٹانک : کیپٹن سکندر شہید، 1 دہشتگرد کمانڈر ہلاک

ملک کی سلامتی اور پائیدار قیام امن کی راہ میں پاک فوج کا ایک اور سپوت شہید ہو گیا ہے۔

ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں کیپٹن سکندر شہید ہو گئے ہیں جبکہ ان کے دو ساتھی لانس نائیک انور اور سلمان شاہ زخمی ہو گئے ہیں

دو طرفہ مسلح مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر خوازہ دین عرف شیر اللہ مارا گیا ہے۔

دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا سرچ آپریشن شروع کیا تو کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے کیپٹن سکندر شہید جبکہ لانس نائیک انور اور سلمان شاہ شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنہیں علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مقابلے میں ٹی ٹی پی کمانڈرخوازہ دین عرف شیر اللہ ہلاک ہو گیا ہے، جس کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ ٹھکانوں پر دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی۔

اس کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 4 کمانڈروں سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے تھے، وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ ‘ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد آئی ای ڈیز (امپروائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز) کی تنصیب، کارروائیاں کرنے اور معصوم شہریوں کو ہدف بنا کر قتل کرنے میں متحرک تھے

فوج کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد جنوبی وزیرستان میں مزید دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جبکہ بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔