جنوبی وزیرستان، 9 ماہ سے محروم محکمہ جنگلات کے مزدوروں کا احتجاج

تحریک انصاف کے دور حکومت میں کمرتوڑ مہنگائی نے مزدوروں کا جینا محال کر دیا، دوسری جانب محکمہ جنگلات میں کام کرنے والے مزدوروں کو 9 مہینوں سے معاوضہ نہ مل سکا جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں۔

سب ڈویژن جنڈولہ ٹانک اور قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے درجنوں مزدوروں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف فارسٹ آفس ٹانک میں احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات سب ڈویژن جنڈولہ ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے ساتھ 9 ماہ سے مزدوری کررہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں ایک روپیہ ادا نہیں کیا گیا جسکی وجہ سے وہ فاقہ کشی پر مجبورہ ہوگئے ہیں اور اس کمرتوڑ مہنگائی نے مزدوروں کا جینا محال کر دیا ہے۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایک ماہ کے اندر اندر محکمہ جنگلات والوں نے معاوضہ نہ دیا تو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان فارسٹ آفیسر پیر داود نے کہا کہ سکیم منظور ہوگئی ہے اور آئندہ چند روز میں مزدوروں کو تمام بقایات مل جائیں گے.