چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا روس میں جاری امن مشقوں کا مشاہدہ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے روس میں جاری امن مشقوں کا مشاہدہ کیا اور کہا پاکستان ایس سی اوسے مختلف حوالوں سےتعاون جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے روس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے جاری امن مشقوں کا مشاہدہ کیا اور ایس سی اوکےممالک کےعسکری حکام کےاجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں چیفس آف جنرل اسٹاف نے خطے کی صورتحال بالخصوص افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان ایس سی اوسے مختلف حوالوں سےتعاون جاری رکھے گا، خطےمیں امن اورترقی کےمقاصد کیلئےساتھ دیتے رہیں گے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج نےعالمی امن، دہشتگردی کےخاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، افغانستان میں دیرپاامن سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، افغانستان میں امن سے خطےکوفائدہ ہوگا۔

جنرل ندیم رضا نے اپنے روسی اورچینی ہم منصبوں سے بھی ملاقات کی ، جس میں انھوں نے کہا پاکستان چین،روس سےدفاعی تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتاہے، باہمی تعلقات بامقصد،دوررس اسٹریٹجک تعاون کی شکل اختیارکررہےہیں۔