پشاور ایئرپورٹ : بیرون ملک سے کورونا کا شکار مسافروں کی آمد میں اضافہ

بیرون ملک سے آنے والے کورونا کا شکار مسافروں کی تعداد میں اضافے کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر انتظامیہ نے اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے ذرائع کے مطابق بیرون ممالک سے آنے والے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے، بغیر کورونا ٹیسٹ کئے مریض پشاور پہنچ جاتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ کئی بیرون ملک ایئر پورٹس پر کورونا ٹیسٹنگ کا نظام معیاری نہیں، غیر معیاری ٹیسٹ کے باعث خیبرپختونخوا اور پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جس کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر انتظامیہ نے اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیرون ملک سے آنے والے 150 سے زائد کورونا سے متاثرہ افراد پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچے.

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دوحا سے پاکستان پہنچنے والے 140 مسافروں میں سے 30 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن میں خواتین اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں، متاثرہ افراد کو 1122 کے ذریعے قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔