شمالی وزیرستان میں سروے ٹیم پرفائرنگ، 6 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان میں سروے ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، پاک فوج کے 2 اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت چھ افراد شہید اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

افغانستان سے ملحقہ ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سکیورٹی اہلکار ‘ماڑی پیٹرولیم’ کی سروے ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے۔

نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائیک گل رحیم اور سپاہی ذیشان شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں حوالدار صدر، لانس نائیک رحمان، سپاہی جہانگیر اور سپاہی نعمت شامل ہیں۔

فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے چار دیگر افراد کا تعلق ماڑی پیٹرولیم کمپنی سے بتایا جاتا ہے۔ تاہم ان افراد کی شناخت اب تک سامنے نہیں آسکی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق زخمیوں اور شہداء کے جسد خاکی مقامی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔