ٹانک : بم دھماکے سے لڑکیوں کے اسکول کا کلاس روم تباہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دھماکے کے نتیجے میں لڑکیوں کے اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے، تاہم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد زیر تعمیر مڈل اسکول کی چار دیواری سے نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک کلاس روم مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کے ذمے داران کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں پانچ سے سات کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ یہ اسکول جنوبی وزیرستان کے قبائلی ضلع کے قریب ٹانک شہر سے 15 کلومیٹر دور واقع ہے۔

رواں سال جولائی میں پشاور کے تاج آباد کے علاقے میں افغان بچوں کے اسکول کے اندر دستی بم پھینکا گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔