آرمی چیف سے یونانی سفیر کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں فروغ امن کیلئے پرعزم ہے اور ہر طرح کے کھیلوں، سیاحت اور کاروبار کیلئے محفوظ ملک ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں یونان کے سفیر آندریس پاپاستروو نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا.

یونانی سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی، افغانستان کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں فروغ امن کیلئے پرعزم ہے، افغان عوام کے بہتر مستقبل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی سیاحت، کاروبار اور کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، ہر شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

یونانی سفیر نے کورونا کے کنٹرول کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے افغانستان کیلئے پاکستان کے کردار اور غیرملکی عملے کے انخلاء میں پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا۔