قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا صوبائی پولیس میں ضم ہونیوالے چار ہزار پولیس اہلکاروں نے دربار میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی جی او سی7 ڈویژن میجرجنرل شاکراللہ خان خٹک کو پولیس کے چا ق و چوبند دستے نے سلامی دی ۔ تقریب میں ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔ ڈی ایس پی میرانشاہ سید جلال وزیر نے مہمان خصوصی کو لنگی پہنائی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل شاکراللہ خان خٹک نے کہا کہ ملک کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہیں، شمالی وزیرستان کی پولیس فورس کو کے پی پولیس سے زیادہ مراعات دینگے اور پولیس اہلکاروںکو ایسی تربیت دیں گے کہ وہ ایک سال میں پورے وزیرستان کا کنٹرول سنبھالنے کے قابل ہو جائیں گے .
انہوں نے کہا کہ پولیس علاقے میں امن و امان برقرار رکھے اور عوام کی خدمت اولین ترجیحات میں شامل کرے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ کنفیوڑن ختم ہوگئی ہے ،لیویز اورخاصہ دار فورس کا حقیقی معنوں میں کے پی پولیس میں انضمام ہوگیا ہے تربیت کے بعد کے پی کے پولیس کی مثالی پولیس فورس ہوگی۔