پاراچنار پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس بنام یاد رفتگاں کا انعقاد

پاراچنار پریس کلب میں سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی، سیلاب محسود، عظمت علی خان، علی بنی عرف موسیٰ، رضا حسین اور یوسف حسین کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا.

تقریب میں پاراچنار کے صحافیوں کیساتھ ضلع کرم کے گرامی قدر مشران تحریک حسینی کے صدر حاجی عابد حسین، انجمن حسینیہ کے رکن قربان علی، ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر جمیل کاظمی، تحریک تحفظ ملت کے سربراہ مسرت منتظر، حاجی رؤف حسین، پی پی پی کے رہنما حاجی جمیل حسین، سماجی رہنما رمضان علی پراچہ، میجر ریٹائرڈ محمد حبیب اور مرحوم صحافیوں کے ورثا نے شرکت کی۔

تعزیتی پروگرام میں مقررین نے مرحوم صحافیوں کی زندگیوں اور ان کی صحافتی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ مرحومین نے انتہائی مشکل اور کٹھن حالات، قبائلی ماحول میں اپنے قلم کے ذریعے علاقے کے مسائل اجاگر کئے۔

اس موقع پر مرحوم صحافیوں کے بیٹوں اور لواحقین نے پریس کلب ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے مرحوم ساتھیوں کی یاد کو زندہ رکھا۔

پروگرام کے آخر میں مرحومین کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور پریس کلب کے صدر علی افضل افضال نے معزز مہمانوں کا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔