آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا، پندرہ رکنی سکواڈ میں 5 بیٹسمین، 2 وکٹ کیپرز، 4 آل راؤنڈرز اور 4 فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔ سرفراز احمد سکواڈ سے آؤٹ، اعظم خان نے ٹیم میں جگہ بنا لی جبکہ آصف علی اور خوشدل شاہ بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اترنے میں کامیاب ہو گئے۔

سکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، ان کے علاوہ حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر اور صہیب مقصود بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کو  رکھا گیا ہے۔ یہی ٹیم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شرکت کرے گی۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس میں کھلاڑیوں کے ناموں سے آگاہ کرتے ہوئے آگاہ بتایا کہ کچھ کھلاڑیوں کی پرفارمنس نہیں تھی لیکن ان کے تجربے کو دیکھا گیا، ”جو بہتر آپشن تھی اس کو اسکواڈ میں رکھا ہے، کسی کو ڈراپ کرنا آسان نہیں ہوتا۔”

انہوں نے کہا کہ اعظم خان اور سرفراز کو پہلے بھی موقع دیتے رہے ہیں، دو سے تین پرفارمنس پر کسی کو جج نہیں کیا جا سکتا، ملٹی ٹاسکنگ کھلاڑیوں کو فوقیت دی گئی ہے، ہماری ٹیم میں کوئی کمی نہیں ہے لیکن ورلڈ کپ کا دباو کھلاڑیوں پر رہے گا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیں گی۔

اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی اور 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔