ہنگو سے ٹی ٹی پی کے 9 دہشت گرد گرفتار

  محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران رحمت شاہ بانڈہ مہاجر کیمپ ضلع ہنگو سے ٹی ٹی پی کے 09 دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری اسلحہ بارود برآمد کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے 05 عدد پاکٹ فون، 3 کلاشنکوف، 2 آر پی جی سیون بمعہ 14 گولے، گرنیڈ، 529 کارتوس ڈنگر، بغیر نمبر پلیٹ کے موٹرسائیکل اور کافی مقدار میں چارجر اور ایمونیشن برآمد کرلئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے، اور ان کی شناخت سید ریاض، خبیب اللہ، فواد خان، مغفورالل، مسعود احمد، رسول محمد، حجت اللہ ، سعداللہ اور محمد عمر کے ناموں سے ہوگئی ہے.

رپورٹ کے مطابق  دہشت گردوں کے خلاف انسدادی دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج رجسٹر کر کےخصوصی تفتیشی ٹیم مقرر کی ہے ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جس میں مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شمالی وزیرستان کے رہائشی سیدریاض، رسول محمد، سعداللہ ، ضلع بنوں کے مسعود احمد ،حبیب اللہ ،عمر اور مغفوراللہ شامل ہے جب کہ لکی مروت کے فواد خان اور ضلع مہمند سے حجت اللہ بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہے۔

حساس ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے خصوصی تفتیشی ٹیم مقرر کی گئی ہے۔