شاور ہائیکورٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء اور وزیرستان سے منتخب اراکین قومی اسمبلی علی وزیر و محسن داوڑ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ بنوں رجسٹری میں علی وزیر اور محسن داوڑ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جس میں علی وزیر اور محسن داوڑ کی جانب سے سینئر قانون دان لطیف آفریدی، طارق افغان، سنگین خان اور حیات مرید عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے دونوں رہنماؤں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اراکین اسمبلی کو ایک ماہ کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ علی وزیر اور محسن داوڑ 26 مئی کو پیش آنے والے خڑ کمر چیک پوسٹ واقعے میں گزشتہ چار ماہ سے زیرحراست تھے۔