ملک بھر میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کے انتقال سے کشمیریوں، پاکستانیوں اور عالم اسلام کو بڑا نقصان ہوا ہے، سید علی گیلانی کی رحلت سے کشمیری عوام یتیم ہوگئے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کو پاکستان سے عشق تھا، سید علی گیلانی نے کشمیریوں کیلئے زیادہ تر زندگی جیل میں گزاری، سید علی گیلانی کا آخری لمحے تک ایک ہی نعرہ تھا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔

آج پورے ملک میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کے انتقال سے تحریک آزاد ی مزید تیز ہوگی۔

اس حوالے سے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کی جانب سے پورے ملک کے مسئولین کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ نماز ظہر کے بعد ملک بھر میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا جائے۔

لاہور میں مرحوم سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ آج بروز جمعرات منصورہ لاہور میں امیر جماعت سراج الحق کی اقتداء میں ڈیڑھ بجے دوپہر ادا کی جائے گی۔