خیبر: ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر اجلاس طلب

تیراہ اور باڑہ کے دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی سیکمیوں میں ناقص میٹریل کے استعمال اور کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے آئندہ ہفتہ ڈیڈک کمیٹی اجلاس بلا لیا جس پر بے قاعدگیوں اور ناقص میٹریل کے استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں اور محکمہ کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کیلئے متعلقہ فورم کو ایڈوائس بھیجی جائے گی۔”

ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چیئرمین خیبر شفیق آفریدی نے تیراہ میدان قمبر بازار میں تاجر یونین کی دعوت پر منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ترقیاتی سکیمز کے اعلانات کرتے ہوئے ایم پی اے شفیق آفریدی نے کہا کہ تیراہ قمبر بازار علاقہ میں ٹیوب ویل سکیم شروع کریں گے جبکہ اس علاقے میں کئی روڈز کی کنکریٹ پیومنٹ کریں گے اور مدرسہ کی سولرائزیشن پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خیبر میں تمام ترقیاتی کاموں کے معیار اور مقدار کو منظور شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے گا بصورت دیگر کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جلسے کے دیگر شرکاء میں تاجر یونین صدر دربی خیل مدرسہ کے قاری صاحب، قومی مشران حاجی عابد نور، خان اکبر اور تاجر برادری سمیت کئی افراد شامل تھے۔

اس موقع پر علاقائی مشران اور تاجر برادری نے مسائل کی نشاندہی کی جس پر ایم پی اے شفیق آفریدی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں گلیوں کی پختگی پر ایک ہفتہ کے اندر کام شروع کیا جائے گا جبکہ آئندہ سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تیراہ بازار میں مکمل بنیادی سہولیات فراھم کی جائیں گی۔