خیبر پختونخوا : چائنیز سمیت غیر ملکیوں کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

خیبر پختونخوا میں چائنیزسمیت غیرملکیوں کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کی، جس میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں نے اپنے اپنے ریجن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی اور سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب اشتہاریوں کے خلاف آپریشنز، منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی پولیس سربراہ نے کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ بدلتی صورتحال میں دہشت گردی کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی اور لائحہ عمل اپنا کر کارروائیاں عمل میں لائیں اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی رابطہ استوار کرکے انٹیلی جنس کی بنیاد پر نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیں۔

کانفرنس کے شرکاء کو سنگین وارداتوں میں ملوث اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جبکہ انہیں مطلوب اشتہاریوں کے ٹھکانوں پر مربوط حکمت عملی کے ساتھ چھاپے مارنے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

آئی جی پی نے کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں اور اشتہاریوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں پر مبنی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر سنٹرل پولیس آفس بھجوایا کریں۔

اسی طرح کانفرنس کے شرکاء کو صوبہ بھر میں مختلف پراجیکٹس پر غیر ملکیوں بالخصوص سی پیک پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کو فول پروف سکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

آئی جی پی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے پر مامور غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور انہیں سکیورٹی دینے کے لئے جدید آلات اور ڈرون کیمروں سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

آئی جی پی نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف قائم کی گئی نیٹ ٹیموں کو مزید موثر اور فعال بنانے اور صوبے کو منشیات کی لعنت سے ہر قیمت پر پاک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

آئی جی پی نے کہا کہ صوبے میں ٹیرارزم سے ٹوارزم کا سفر انتہائی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ جس کا واضح ثبوت عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی سیاحتی مقامات تک رسائی ہے .

انہوں نے کہا کہ بالخصوص ہزارہ اور مالاکنڈ کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں سیاحت کے فراہم کے لئے پروایکٹو پولیسنگ کو اپنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لئے اعلیٰ تعلیمی یافتہ اور اچھے اخلاق اور اوصاف کے حامل پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگوائیں۔

آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ خود بھی فیلڈ میں نکل کر امن و امان کے قیام کے لئے مصروف پولیس اہلکاروں کی نگرانی کریں اور جہاں ضرورت ہو پولیس کی ٹیموں کو خود فرنٹ سے لیڈ کرکے معیاری پولیسنگ کو آگے بڑھائیں۔

آئی جی پی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں اورسنگین وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کاروائیوں کو ہر قیمت پر نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔