پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی

ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 553 کیسز سامنے آئے ہیں.

رپورٹ کے مطابق کورونا سے مزید 85 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ اس کے مزید 3 ہزار 413 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 4 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 320 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 40 ہزار 411 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 92 ہزار 244 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 476 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 22 ہزار 847 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 61 ہزار 466 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 74 لاکھ 59 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کُل 4 کروڑ 78 لاکھ 2 ہزار 106 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔