ادویات اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ

ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، 50 ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 150 فیصد تک اضافے کیا گیا ہے، حکومت 3 سال میں 12 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت حکومت نے 50 ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 150 فیصد تک کا اضافہ کیا جبکہ کچھ ادویات بھی رجسٹرڈ کی گئیں، جو بھارت، بنگلادیش، ترکی کی نسبت 3 گنا مہنگی ہیں۔

وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ خیال رہے کہ حکومت نے 3 سال میں 12 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، نیپرا کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوامی سماعت 2 ستمبر کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوامی سماعت 2 ستمبر کو ہوگی، یہ سماعت ماہانہ بنیاد پر نیپرا کے قوانین کے عین مطابق ہوتی ہے.

اس سماعت میں جولائی کے مہینے میں ہونے والی فیول ایڈجسٹمنٹ کا صارفین پر اوسطاً اثر 50 پیسہ فی یونٹ آئے گا، جبکہ اپریل سے جون تک کے مہینوں کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا یونیفارم کنزیومر ٹیرف پالیسی کے تحت صارفین کی بلنگ پر کوئی اثر نہیں آئے گا۔

عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی پیشی کا اثر دنیا بھر میں عوام کو براہ راست منتقل کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ میں ہی نیپرا نے جون فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ کی کمی کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق صرف اگست کے بلوں پر ہوگا۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ اطلاق ڈسکوز صارفین ماسوائے 300 تک یونٹ استعمال، لائف لائن، زرعی صارفین پرہوگا تاہم انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا فائدہ لینے والے صنعتی صارفین پراس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتی صارفین کو 20 ٹیرف کی حد تک منفی ایف سی اے کا فائدہ ضرور ملے گا لیکن فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔