اگست 31 کابل سے انخلا کی حتمی تاریخ ہے: جوبائیڈن

امریکا نے کابل سے انخلا کی ڈیڈ لائن پر قائم رہنے کا اعلان کردیا، امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ہم کابل سے انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کریں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر جوبائیڈن نے پینٹاگون کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے 31 اگست کو کابل ایئرپورٹ خالی کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے سینئر انتظامی اہل کار کے مطابق امریکی صدر کے خیال میں افغانستان میں مزید رہنا سیکیورٹی رسک ہوگا۔

صدر نے اپنی سیکیورٹی ٹیم سے یہ بھی پوچھا ہے کہ ناگہانی حالات میں اگر امریکا کو افغانستان میں مزید رکنا پڑے تو اس صورت میں متبادل پلان کیا ہوگا؟۔

امیریکن اہل کار کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکا افغانستان سے ہزاروں افراد کو نکال چکا ہے لیکن اس کے باوجود افغانستان میں صورت حال ابھی بھی غیر یقینی ہے اور امریکا کا ساتھ دینے والے بہت سے افغان باشندے ابھی بھی ملک چھوڑنے کے منتظر ہیں۔

انتظامی عہدے دار کے مطابق پنٹاگون نے امریکی صدر جوبائیڈن کو ارسال کردہ سفارشات میں کہا تھا کہ امریکی افواج کی تیاریاں مکمل ہیں اور وہ بآسانی 31 اگست کی ڈیڈ لائن پر کابل ایئرپورٹ خالی کرسکتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ بائیڈن نے ان سفارشات کو منظور کرلیا ہے، اب قومی امکان ہے کہ امریکا دی گئی ڈیڈ لائن پر کابل خالی کردے گا۔
.
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ جی 7 سربراہان کو چاہیے کہ وہ طالبان کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ 31 اگست کے بعد بھی افغانستان چھوڑنے کے خواہش مند تمام افراد کو محفوظ راستے دینے کی ضمانت دیں۔