پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی

پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ستمبر میں شیڈول ون ڈے سریز ملتوی کردی گئی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز شروع سے ہی مسائل سے دوچار تھی پہلے افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد سیریز کے انعقاد پر کالے بادل چھائے لیکن افغان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے سیریز سری لنکا میں ہونے کی یقین دہانی کروائی لیکن پھر افغان کرکٹ بورڈ کو لاجسٹک مسائل کا سامنا تھا۔

لاجسٹک مسائل کے حل کے لیے افغانستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاکستان کے ویزے بھی حاصل کر لیے گیے تھے تاکہ پاکستان سے براستہ دبئی سری لنکا کا سفر کیا جا سکے۔

اس کے بعد آج افغانستان کرکٹ بورڈ سے یہ خبریں آئیں کہ سیریز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو میں چیف ایگزیکٹو افغان کرکٹ بورڈ حامد شنواری نے اس بات کی تصدیق کی لیکن چند گھنٹوں کے بعد پاکستان افغانستان سیریز ملتوی کرنے کی خبر آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ارکان میں پاکستان میں سیریز کرانے کے معاملے پر اتفاق نہیں ہو سکا جس کے بعد سیریز کو اگلے برس تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔

پی سی بی نے سیریز ملتوی ہونے کی تصدیق کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی پاک افغان سیریز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

پی سی بی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاک افغان سیریز کو افغان کرکٹ بورڈ کی درخواست اور پلیئرز کی ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتوی کیا گیا ہے.

پی سی بی کا کہنا ہے کہ براڈکاسٹ سہولیات کی عدم دستیابی، فلائٹ آپریشن میں تعطل اور سری لنکا میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافہ بھی سیریز ملتوی ہونے کا سبب بنے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغان بورڈز 2022 میں سیریز ری شیڈول کرنے کی کوشش کریں گے۔