پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، شاہ محمود قریشی

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، توقع ہے کہ تمام افغان فریق افغانستان میں دیرپا امن و سلامتی کے قیام کیلئے اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کو یقینی بنائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے مابین پیر کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور او آئی سی کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیرنو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔