طالبان نے پی آئی اے کی 3 پروازیں روک دیں

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پی آئی اے کا کابل فضائی آپریشن التوا کا شکار ہوگیا

طالبان نے کابل سے افغان باشندوں کو نکالنے کی یورپی یونین کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی آئی اے کی تین پروازوں کو ان مسافروں کو لے جانے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کا افغانستان کے لیے فلائٹ آپریشن پیر کو منسوخ ہوگیا، کابل کے لیے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے تین پروازیں روانہ کرنے کا پلان ترتیب دیا گیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی آپریشن کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے پی آئی اے حکام سے جن مسافروں کے فضائی سفر کے لیے درخواست کی ہے وہ تمام کے تمام افغان شہری ہیں۔

فضائی آپریشن کے تحت ان مسافروں کو کابل سے پاکستان آنا تھا بعد ازاں انھیں یورپ اور امریکا روانہ ہونا تھا تاہم طالبان کی جانب سے ان مسافروں کو فضائی سفر کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

اس حوالے سے طالبان کا موقف ہے کہ جب انھوں نے عام معافی کا اعلان کر دیا تو پھر ان افراد کے روانہ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تمام تر صورتحال میں پی آئی اے کا پاکستان سے کابل کے لیے فضائی آپریشن اگلے کئی روز تک التوا کا شکار ہو سکتا ہے۔