مولانا فضل الرحمان کی افغان طالبان کو کامیابی پر مبارکباد

جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں تحریک اسلامی طالبان افغانستان کی بیس سالہ طویل جہاد کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک اسلامی طالبان کے امیر مولوی ہیبة اللہ اور ان کے تمام رفقاء کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں.

جمعیت نے روز اول سے امریکا اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت اور تجاوز جبکہ طالبان کی مزاحمت کو جائز دفاع قرار دیا تھا، مخلصانہ قربانیوں کے بعد اللہ تعالیٰ کی مدد اور تائید سے طالبان نے اپنے وطن افغانستان کو عالمی قوتوں سے آزاد کرا دیا ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے عوام کو بالخصوص اور امت مسلمہ کو بالعموم مبارکباد کا مستحق قرار دیتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت نے فتوحات حاصل کرنے کے بعد امن، خیر سگالی اور مفاہمت کی پالیسی کے ساتھ جس نئے نظام کے آغاز کیا ہے، جمعیت اسے قدر کے نگاہ سے دیکھتی ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم توقع رکھیں گے کہ اسی خلوص اور تدبر کے ساتھ بہتر حکمت عملی کے ذریعے ایک پرامن اور مستحکم اسلامی افغانستان کی تشکیل میں کامیاب ہوں گے۔