پی آئی اے کی کابل کے لیے پروازیں غیرمعینہ مدت تک ملتوی

قومی ایئر لائن پی آئی اے نے کابل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کابل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال، عملے کی غیر موجودگی اور رن وے پر لوگوں کے بے پناہ ہجوم کے باعث اپنا آپریشن بند کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ائی اے حکام نے کابل آپریشن بند کرنے کا فیصلہ پاکستانی وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا ہے، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کی خاطر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کی گئی ہیں۔

اس سے قبل پی آئی اے نے کابل کے درمیان 3 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ان 3 پروازوں کے ذریعے 900 کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے نکالا جانا تھا۔