طور خم سرحد پر بھی طالبان کا قبضہ، پاک افغان بارڈر سیل

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

طورخم سرحد پر طالبان نے قبضہ کرکے بارڈر بھی بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اب طالبان نے طور خم بارڈر پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ طالبان نے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بارڈر بند کر دیا ہے۔

جس کے بعد پاکستان نے بھی پاک افغان سرحد سیل کردی ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی حکام نے مچنی پوسٹ سے گاڑیوں کی آمدرورفت بند کر دی ہے اور مال بردار گاڑیوں سمیت ہر قسم کی ٹریفک طورخم جانے کے لئے روک دی گئی ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر سرحد پار طالبان کی موجودگی پر فیصلہ کیا گیا ہے۔پاک افغان سرحد طورخم کو گزشتہ شب سے ہی بند کر دیا گیا تھا۔

ڈی سی خیبر منصور ارشد کا کہنا ہے کہ سرحدی گزرگاہ پر ہر قسم آمدورفت معطل ہے، طورخم سرحد افغان سائیڈ پر طالبان کا قبضہ ہے اور طالبان نے سرحد کو بند کردیا ہے، جبکہ پاکستان کیطرف سے جانیوالی تجارتی گاڑیوں کو پولیس نے روک دیا ہے۔

سرحد پر پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، حتمی مذاکرات اور فیصلے کے بعد تجارتی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان نے افغانستان کے بیشترعلاقوں کے بعد چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا اور باب دوستی پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔