‘پی ٹی ایم بھارتی ٹرینڈز کو پاکستان میں پھیلاتی ہے’

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ انڈیا سے چلائے جاتے ہیں، اور پی ٹی ایم ان بھارتی ٹرینڈز کو پاکستان میں پھیلاتی ہے، جبکہ اس ان ٹرینڈز میں افغانستان بھی پاکستان کے خلاف حصہ ڈالتا ہے۔

بھارت میں قومی سلامتی مشیر کے پاس جعلی خبریں پھیلانے کے لیے 333 کروڑ کا بجٹ ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اور میڈیا پراپیگنڈا میں ہمارے اپنے لوگ بھی ملوث ہیں جبکہ سوشل میڈیا کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے سوشل میڈیا کا 2 سال کا ڈیٹا مرتب کیا ہے، جس کے مطابق پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ انڈیا سے چلائے جاتے ہیں، پی ٹی ایم بھارتی ٹرینڈز کو پاکستان میں پھیلاتی ہے، افغانستان سے بھی پاکستان کے خلاف ٹرینڈز میں حصہ ڈالا جاتا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ پی ٹی ایم بلوچ علیحدگی پسندوں کو بھی سپورٹ کر رہی ہے اور بلوچستان کی علیحدگی کے بارے میں ٹرینڈ پی ٹی ایم نے شروع کیا، اور اس ٹرینڈ کو بھارت سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے فالو کیا، جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بھی ٹرینڈ چلائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹرینڈ ’سینکشن پاکستان‘ میں پی ٹی ایم نے بھی اس میں حصہ ڈالا، یہ ٹرینڈ پاکستان میں 8 لاکھ بار ٹوئٹ ہوا، جبکہ افغان قومی سلامتی کے مشیر اور بھارت سے بھی سینکشن پاکستان ٹرینڈ ٹویٹ کیا گیا۔

کریما بلوچ کے لیے پی ٹی ایم نے 30 ہزار ٹویٹ کیں، عثمان کاکڑ کے انتقال پر 10 ہزار ٹوئٹ کی گئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کے بہت سے لوگوں نے غلط ٹرینڈز کو ہوا دی، پاکستان میں بہت سے لوگ فیک نیوز کو اصل سمجھ لیتے ہیں.

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی جھوٹی خبر پھیلائی گئی، زلفی بخاری کے بارے میں ٹرینڈ اسرائیل سے شروع ہوا اور نون لیگ نے بھی اسرائیل کی جانب سے شروع کردہ ٹرینڈ کو آگے بڑھایا۔

اسرائیل کے ٹوئٹر ٹرینڈ میں مسلم نون اور جے یو آئی (ف) کے لوگ شامل ہوگئے ہوسکتا ہے نون لیگ اور جے یو آئی ف کے لوگوں کو ٹرینڈ چلانے والوں کا معلوم نہ ہو۔

اسی طرح تحریک لبیک پاکستان کے ٹرینڈز کو بھی بھارت سے سپورٹ ملی، جبکہ فرقہ واریت پھیلانے کے لیے شعیہ سنی متنازعہ پوسٹ اور ٹوئٹس دوسرے ممالک سے کی جاتی ہیں، ’پرو قادیانی منسٹر‘ ٹرینڈ پر 1 لاکھ 22 ہزارٹوئٹس ہوئیں اور اس میں سے زیادہ تر ٹویٹس بھارت سے ہوئیں۔

نور مقدم کیس پر بھارت سے ٹرینڈ چلایا گیا کہ پاکستان خواتین کے لیے محفوظ ملک نہیں ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ بھارت میں قومی سلامتی مشیر کے پاس جعلی خبریں پھیلانے کے لیے 333 کروڑ کا بجٹ ہے، بھارتی پراپیگنڈہ پر گزشتہ سال دستاویزات بھی پیش کی تھیں۔

بھارت نے دنیا کو کورونا کا غلط ڈیٹا فراہم کیا، برطانیہ کو دیکھنا ہوگا کہ غلط ڈیٹا دے کر بھارت ریڈ لسٹ سے نکلا۔

افغانستان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مسئلے پر مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ طالبان کو پاکستان کی سپورٹ حاصل ہے، افغانستان کا نقشہ دیکھیں پاکستان سے ملحقہ علاقوں میں ابھی امن ہے، پاکستان کے خلاف ٹرینڈز میں روبوٹس کا استعمال کیا جارہا ہے۔

افغانستان کی صورتحال دنیا کے سامنے ہے، طالبان اور افغان حکومت میں جنگ جاری ہے۔ افغانستان میں بدامنی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوگا، امن کا افغان عہدیداروں سے زیادہ ادارک پاکستان کو ہے۔