پشاور: بدنما ماسک لگا کر شہریوں کو ڈرانے والا شخص گرفتار

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

خیبر پختونخوا کی پولیس نے خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے تھانہ یکہ توت کی پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک موٹر سائیکل پر خوفناک ماسک پہن کر نوجوان گشت کررہا ہے، جس سے راہگیر خوف زدہ ہورہے تھے۔

خوفناک چہرے والے شخص کے گھومنے کی وجہ سے علاقہ مکین بھی بہت زیادہ خوف کا شکار تھے اور وہ مختلف قیاس آرائیاں کررہے تھے۔

پولیس نے متواتر شکایات ملنے کے بعد موٹر سائیکل سوار کو تلاش کر کے گرفتار کیا۔

ایس پی سٹی پولیس نے بتایا کہ نوجوان بدنما ماسک پہن کر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رہا تھا، گزشتہ ایک دو روز سے اس حوالے سے شکایات بھی موصول ہوئیں۔

پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے تھوڑی دیر حوالات میں رکھا اور یقین دہانی پر اسے رہا کردیا۔ نوجوان نے تھانے میں اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے شہریوں سے معافی مانگی اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور میں ہی پولیس نے سال نو کی پہلی رات پر خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔ مذکورہ نوجوان لومڑی کی شکل والا خوفناک ماسک لگا کر لوگوں کو خوف زدہ کررہا تھا۔