قومی محرم کمیٹی کے وفد کی سی سی پی او پشاور سے ملاقات

قومی محرم کمیٹی پشاور کے ایک نمائندہ وفد نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء زاہد علی آخونزادہ کی قیادت میں سی سی پی او پشاور عباس احسن سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں قومی محرم کمیٹی کے سربراہ آخونزادہ مجاہد علی اکبر، شاہد امداد بیگ، علامہ سید عالم شاہ الحسینی، آخونزادہ خورشید علی انور، سید ابرار علی شاہ جعفری، سید اظہر علی شاہ نقوی، ذوالفقار علی حیدری اور آغا سید شیر شاہ رضوی شامل تھے۔

اس موقع پر ایس ایس پی پشاور یاسر خان آفریدی اور ایس پی سٹی سید عتیق شاہ بھی موجود تھے۔

وفد نے محرم الحرام کے انتظامات کی احسن انجام دہی کے حوالے قومی و انتظامی امور سے سی سی پی او پشاور کو آگاہ کیا اور باہمی ہم آہنگی سے محرم کے انتظامات کو تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی اہمیت اور وبائی صورتحال میں محفوظ عزاداری کے لئے قومی محرم کمیٹی کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن نے بھی وفد کو محرم کے حوالے سیکورٹی پلان سے آگاہ کیا اور دوطرفہ ہم آہنگی سے پشاور میں امن و امان کے قیام کے لیے باہمی روابط و تعاون کے فروغ کو اہم قرار دیا.

سی سی پی او پشاور نے محرم الحرام میں کورونا سے بچاؤ کے لیے قومی محرم کمیٹی کے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور متوالیان کی سطح پر اس کوشش کو موثر بھی قرار دیا۔