سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان کو غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے پاکستان کو سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس کی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششوں کی تعریف کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی وزیر خارجہ نے راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی، افغانستان امن عمل سمیت خطے کی سلامتی کی صورتحال اور علاقائی امن اور رابطے کے لیے باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے پاکستان اور اس کی افواج کی حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود ایک روزہ دورے پر منگل کے روز پاکستان پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مئی میں وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد ان کا فالو اپ دورہ ہے، جس میں ہم نے سعودی عرب، پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل (ایس پی ایس سی سی) کے قیام کو یقینی بنایا۔

سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ ان کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر تھا اور دنوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔