قبائلی اضلاع میں طلبہ کو میٹرک پروگرام میں داخلہ مفت

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع اور بلوچستان بھر میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد سے 20ستمبر تک میٹرک پروگرام میں مفت داخلہ حاصل کرنے کیلیے داخلہ فارم وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں اِن علاقوں میں میٹرک کی مفت تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو یونیورسٹی کے قریب ترین دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ اِس اقدام کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی میدان میں لانا ہے اور کوشش ہے کہ علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند محض داخلہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے۔

وائس چانسلر کے مطابق مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی نے اپنی سالانہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کسی بھی قسم کی جسمانی معذوری میں مبتلا افراد، جیلوں میں مقید افراد اور خواجہ سرائوں کو بھی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے جبکہ غریب اور مستحق طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے کے لیے مختلف سکالرشپ سکیمیں بھی متعارف کرائی ہیں۔

بیان کے مطابق سمسٹر خزاں 2019ء کے میٹرک، ایف اے ، بی بی اے، ایم اے، ایم ایس سی ، بی ایس پروگرامز ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز اور ٹیچر ٹریننگ پروگرامز (ڈیڑھ، اڑھائی)، چار سالہ بی ایڈ اور ایک سالہ ایم ایڈ)کے داخلے جاری ہیں۔

داخلہ فیس میں رعایت حاصل کرنے یا سکالرشپ سکیموں سے مستفید ہونے کے لیے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کے قریب ترین علاقائی دفتر سے جلد از جلد رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.