ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں نے قبائلی اضلاع میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے اور انضمام کے وقت حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے مرکزی رہنماء ادریس خان، سید جمشید حسین، سمیر خان، شکیل منگل، عادل خان، سید اعجاز حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے نتیجے میں وہ قبائلی اضلاع کی ترقی چاہتے تھے.
انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت حکومت کی جانب سے جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے جبکہ قبائلی اضلاع کو نہ این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دیا گیا اور نہ ہی دیگر وعدے پورے کئے گئے۔
رہنماؤں نے قبائلی اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے، سالانہ سو ارب روپے دینے اور دیگر وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی تھری جی فور جی کھولنے کا مطالبہ کیا۔
رہنماؤں نے قبائلی اضلاع کے پارلیمنٹیرینز سے قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ قبائلی اضلاع میں فوری طور بلدیاتی الیکشن ناگزیر ہے، جس کی روشنی میں قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی ہوگی۔
رہنماؤں نے آرمی چیف، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کے پی اور دیگر متعلقہ حکام سے قبائلی اضلاع کے عوام کو ان کو جائز حقوق دلانے اور حل طلب مسائل حل کرانے کا مطالبہ کیا۔