کورونا کیسز بڑھے تو تعلیمی ادارے بند کرنا پڑیں گے، شہرام ترکئی

وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز بڑھے تو تعلیمی ادارے بند کرنا پڑیں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں شہرام ترکئی نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے بے یقینی کی کیفیت ہے، کورونا کی وجہ سے تعلیمی نظام متاثر ہوا، ہماری کوشش ہے کہ کم وقت میں نویں اور دسویں کے نتائج کا اعلان کریں۔

شہرام ترکئی نے کہا کہ صوبے میں ہیٹ ویو آنے پر اسکولوں کو بند کیا گیا، کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکولوں میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم نے اسکولوں کے اوقات کار صبح 7 سے 10 بجے تک کردیئے ہیں، کورونا کیسز بڑھے تو تعلیمی ادارے بند کرنا پڑیں گے۔