لاپتہ افراد کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی : قبائل عوامی پارٹی

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

قبائل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء صحبت آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ حق سے نہیں، ملکی اداروں میں پیکجز سے ممکن ہے، قبائل پرامن و محب وطن پاکستانی ہیں، لاپتہ افراد کے خاندانوں کے دکھہ درد میں برابر شریک ہیں۔

میڈیا کو جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قبائل عوامی پارٹی کے مشران نے پاکستانی حکمرانوں و ذمہ داروں تک لاپتہ افراد کےخاندانوں کی فریاد بروقت پہنچا دی ہے اور انشاءاللہ جلد ہی مزید لاپتہ افراد کی رہائی کی خوشخبری غمزدہ خاندانوں تک پہنچ جائے گی۔

صحبت آفریدی کے مطابق قبائلی اضلاع میں شرح خواندگی نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے حکومت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو پیکجز کے ذریعے ملکی اداروں میں شامل کر کے ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے۔

اس موقع پر عبدالرزاق آفریدی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، ضم اضلاع کے بنیادی مسائل کے حل پر کام کر رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں امن شعور بیدار ہونے سے ممکن ہے جس کے لیے تعلیم کی شرح بڑھانا ہو گی، نوجوان نسل کی سوچ مثبت سرگرمیوں کی طرف مبذول ہونا شروع ہو گئی ہے جو کہ ایک بہتر معاشرے کی ضمانت ہے۔