طورخم سرحد کھولی جا رہی ہے جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ پر بینک اکانٹ کھولنے، کاروبار کرنے، سسم کارڈ خریدنے اور سفری سہولتیں میسر ہوں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر ان کا ویزا ختم ہو جائے تو وہ بھی وزارت داخلہ سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کرسکتے ہیں، کیونکہ وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ دنوں میں ایک افغان گروہ گرفتار کیا، جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تھا، ہماری کوشش ہے کہ جو صورتحال بن رہی ہے، اس میں ہر غیر ملکی کا اندراج ہو۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی اور وزیراعظم عمران خان انتخابی مہم کے لیے وہاں جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے ہمراہ میں بھی ہوں اور ہم انتخابی نشان بلے کے لیے مہم چلائیں گے۔

انہوں نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ چمن بارڈر کو یکم سے الیکٹرانک کر دیں گے جبکہ این سی او سی طورخم سرحد ان لوگوں کے لیے کھولی جا رہی ہے، جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کرکے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کروں گا، تاکہ طورخم سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوسکے، جو سعودی عرب جانا چاہتے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، اگر کابینہ انہیں کالعدم قرار دیتی ہے تو تنظیم کالعدم ہو جائے گی۔