مغربی سرحدوں پر سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں، جنرل قمر باجوہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مغربی سرحدوں پر سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں، ہمیں بدلتی ہوئی صورتحال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیئں اور کسی بھی صورت سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، منگلا پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں، تربیتی، انتظامی امور سمیت کور کے زیر اہتمام جاری وار گیمز پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے وار گیمز میں آپریشنل منصوبہ بندی اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کو سراہا اور اسٹرائیک کور فارمیشن کے مستقبل سے متعلق تربیتی امور کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے گیریژن افسران سے خطاب میں علاقائی اور سکیورٹی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدلتی صورت حال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیئں، ہمیں کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کر رہا ہے، مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ اور سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام میں تمام رینکس نے سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایس او پیز پر عمل یقینی بنانا ہوگا، کورونا وبا کے مکمل خاتمے تک احتیاط ضروری ہے۔