ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے امارات منتقل

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

رواں برس شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے امارات منتقل کردیا گیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے تاحال وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا ہے تاہم اس نے ٹورنامنٹ کی یو اے ای میں میزبانی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

یکم جون کو آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو جون کے آخر تک وینیو کے بارے میں بتانے کا کہا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 17 اکتوبر سے شروع ہو گا اور فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ کرک انفو کے مطابق موجودہ پلان کے تحت ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ دو گروپس پر مشتمل ہوگا جو عمان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔

راؤنڈ ون میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بنگلادیش، آئرلینڈ، سری لنکا، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں۔ ان ٹیموں کے درمیان 12 میچز ہوں گے۔ ان 8 میں سے ٹاپ 4 ٹمیں سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے سے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں موجود ہوں گی اور یہاں سے ٹورنامنٹ کا اہم مرحلہ شروع ہوجائے گا۔

سپر 12 میں مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے جائیں گے جو 24 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ سپر 12 میں 12 ٹیموں کو چھ چھ کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور میچز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں ہوں گے۔ اس کے بعد تین پلے آف میچز، دو سیمی فائنلز اور پھر فائنل میچ ہوگا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میزبان بھارت ہی ہوگا تاہم بھارت میں کورونا وائرس کی بدتر صورتحال کی وجہ سے ایونٹ کا وینیو متحدہ عرب امارات کردیا گیا ہے۔