وقت آ گیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے افغان بھائیوں کی بے پناہ خدمت کی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹیں۔

اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مہاجرین کی خدمت کرتے ہیں دوسری جانب افغان حکومت ہم پر الزام لگاتی ہے، افغان مہاجرین کی واپسی کو امن عمل کا حصہ بنانا چاہیے۔

کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتائیں گے بھارت کس طرح دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتا ہے, بھارتی دہشت گردی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو بتائیں گے بھارت کس طرح دہشت گردی کی فنڈنگ کرتا ہے، مقبوضہ قیادت نے نریندر مودی سے ملاقات میں 5 اگست کے اقدامات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت معاشی مشکلات سے دوچار ہے، وہاں بے روزگاری بڑھی ہے، بھارت اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ اقدامات کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے جنہوں نے بغیر لڑے ہی بدخشاں کے متعدد اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ سینکڑوں افغان فوجی ہتھیار ڈال کر پڑوسی ملک تاجکستان فرار ہو گئے۔