خیبر پختونخوا : جماعت اسلامی کے مختلف اضلاع میں مظاہرے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک کی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اضلاع اور تحصیلوں میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، گیس، بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور سودی نظام کے خلاف مظاہرے کیے گئے، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پشاور میں مسجد مہابت خان سے چوک یادگار تک احتجاجی مارچ کیا گیا، جس کی قیادت امیر ضلع عتیق الرحمان، صدیق پراچہ اور حافظ حشمت خان کر رہے تھے۔ نوشہرہ میں پبی سٹیشن اور شوبرا چوک میں الگ الگ مظاہرے ہوئے، جن کی قیادت امیر ضلع رافت اللہ خان، حاجی عنایت الرحمان، مولانا سمیع الرحمان نے کی۔ صوابی میں یار حسین چوک میں امیر ضلع صوابی میاں افتخار کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

دیر لوئر میں چکدرہ تحصیل، تیمرگرہ اور ثمر باغ میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی دیر پائیں اعزاز الملک افکاری، سلطنت یار، ارشد زمان، سعید باچا اور دیگر کر رہے تھے۔

بونیر میں امیر جماعت اسلامی حلیم باچا اور انجنیئر ناصر علی نے ڈگر بازار میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے توپانوالہ بازار میں مظاہرہ ہوا، جس کی قیادت امیر ضلع سلیم اللہ نے کی۔

لکی مروت میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر ضلع عزیز اللہ نے کی۔ کرک میں مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع کرک ظہور خٹک نے کی، بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی بنوں پروفیسر اجمل خان اور اختر علی شاہ نے کی۔