نانگا پربت کے دامن میں فورجی انٹرنیٹ سروس کا آغاز

پاک فوج کے زیلی ادارے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے مشہور سیاحتی مقام فیری میڈوز میں ایس کام 4G موبائل سروس شروع کر دی۔

جی بی میں سیاحت کے شعبے کو پروموٹ کرنے کے لیے خطے کے مشہور سیاحتی مقامات پر کمیونیکیشن کی سہولیات بہم پہنچانے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے نانگا پربت کے دامن میں واقعہ ضلع دیامر کے مشہور سیاحتی مقام فیری میڈوز میں ایس کام موبائل ٹاور نصب کرکے وائس اور انٹرنیٹ کی تیز ترین سروس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

اس سہولت سے نہ صرف وہاں کی مقامی آبادی کو رابطے کی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ روزانہ کی بنیاد پر فیری میڈوز آنے والے سینکڑوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی رابطے اور ڈیٹا کی تیز ترین سہولیات میسر ہونگی۔

فورجی انٹرنیٹ سروس سے سیاح نانگا پربت کے دامن سے براہ راست دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنے پیاروں سے جڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اس اہم پروجیکٹ کا بذات خود جائزہ لینے کے لئے سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل عمران منصور نے گزشتہ دنوں اپنی ٹیم کے ہمراہ فیری میڈوز کا وزٹ کیا تھا۔

اس دوران وہاں کی مقامی آبادی سے ملاقات کے دوران سیکٹر کمانڈر نے وہاں پر موبائل سروس کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کو یقین دلایا کہ اس سروس کو ان کے علاقے میں مزید وسعت دی جائے گی۔

علاوہ سیاحوں کے لیے فیری میڈوز کے سینٹر میں وائی فائی ہاٹ سپاٹ پوائنٹ قائم کرنے کے علاوہ وہاں پر موجود تمام ہوٹلز کیلئے مائی فائی ڈیوائسز بھی فراہم کر دیے جائیں گے۔