پاکستان خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، قمر باجوہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جس دوران آرمی چیف نے نیشنل سکیورٹی اور وارکورس کے شرکا سے خطاب میں اسٹریٹیجک اور خطے کی بدلتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ مختلف حالات اور بدلتے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے بہترین حکمت عملی کی ضرورت ہے، بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں، مہارت اورفرض کی لگن پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے، تربیت یافتہ فوج عوامی حمایت سے ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن دشمن علاقائی استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں، پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جب کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج اور قوم کےاٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی قوتوں کا مقدر ناکامی ہے۔