خیبر پختونخوا: او پی ڈیز میں مریضوں کیلئے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازم قرار

خیبر پختونخوا کے تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مریضوں کے لئے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں او پی ڈی اور ادارہ جاتی پریکٹس کے لئے رجوع کرنے والے مریضوں کے لئے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یا اس کے ثبوت فراہم کرنا لازم ہوں گے۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق تمام 18 سال اور اس سے زائد العمر افراد کے لئے او پی ڈی اور ادارہ جاتی پریکٹس کنسلٹیشن میں کورونا ویکسینیشن کروانے کے ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوں گے،.

انہوں نے کہا ہے کہ مریضوں کے ساتھ تیمادار بھی کورونا ویکسینیشن کے ثبوت لازمی فراہم کریں گے۔ جن افراد نے ویکسینیشن نہیں کروائی ہوگی انہیں اسپتال میں کنسلٹیشن سے قبل مفت ویکسین لگائی جائے گی۔

اسی طرح 18 سال سے کم عمر افراد ماسوائے کورونا کی علامات کے حامل افراد کے ان شرائط سے مستشنی ہوں گے۔ ایسے 18 سال سے کم عمر کے افراد جن میں کووڈ 19 کی علامات ہونگیں ایسی صورتحال میں کووڈ اے جی آر ڈی ٹی یا پی سی آر رزلٹ مزید کنسلٹیشن کے لئے درکار ہوں گے۔