خیبر پختونخوا اور پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 29 جون سے سی این جی اور صنعتی شعبے کو گیس سپلائی معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت پٹرولیم کی سُستی اور گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت کی وجہ سے ملک بھر میں گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کررہا ہے۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ آج رات سے ایل این جی ٹرمینل سے گیس کی سپلائی بند ہونا شروع ہوجائے گی، اس دوران 600 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی کی سپلائی بند ہونے کا امکان ہے۔

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) حکام کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کا ایل این جی ٹرمینل 29 جون سے 5 جولائی تک مرمت کے سلسلے میں بند رہے گا۔

گیس لوڈمینجمنٹ کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سی این جی سیکٹر کو گیس نہیں ملے گی، سیمنٹ اور نان ایکسپورٹ انڈسٹریل سیکٹر کو بھی گیس فراہم نہیں کی جائے گی، ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر کو بھی گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ایل این جی پوری مقدار میں درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے اور ایل این جی کے صرف 3 کارگو درآمد کیے گئے، سندھ میں گیس فیلڈ کی مرمت بھی بحران کا سبب بن رہی ہے، اور اس گیس بحران سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی آئے گی، جس کے بعد آئندہ ایک ہفتے تک بجلی کا بحران بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔