بلوچستان حکومت کا عثمان کاکڑ کی موت کی تحقیقات کا اعلان

بلوچستان حکومت نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی موت کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیالانگو نے کہا کہ عثمان کاکڑ کی موت کے حوالے سے ان کے خاندان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو لے آئیں ہم تحقیقات کرانے کیلئے تیار ہیں.

انہوں نے کہا ہے کہ عثمان کاکڑ کی موت کے حوالے سے ان کے خاندان جس ادارے یا تحقیقاتی کمیٹی سے کہیں گے ہم تحقیقات کرادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عثمان کاکڑ کی میڈیکل رپورٹس کل میڈیا کے سامنے پیش کی تھیں، ایک دو روز میں ان کی فاتحہ خوانی کیلئے مسلم باغ جائیں گے، وہاں ان کی فیملی سے کہوں گا جس طرح کی تحقیقات چاہتے ہیں ہم کرانے کیلئے تیار ہیں۔