ضلع خیبر جمرود کے سب تحصیل ملاگوری کے دور افتادہ علاقے مراد ڈھنڈ حنڑی ڈیم میں فیشریز ڈیپارٹمنٹ برائے ضم شدہ قبائیلی اضلاع کی جانب سے 10 ہزار مچھلیوں کے بچے چھوڑ دیئے گئے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر فیشریز محمد ارشدعزیز ڈپٹی ڈائریکٹرمحمد شفیع مروت انسپکٹر محمد سجاد عبدالقادر سرپروائز کامران اور لوکل سٹاف ہمایون خلیل ابرار ملاگوری کے علاوہ علاقے کے مشران بھی موجود تھے۔
فیشریزڈیپارمنٹ کی جانب سے اس ڈیم میں چار اقسام کی مچھلیوں کے بچے چھوڑ دیئے گئے جن میں سلور رحو موری گرس کی نسل شامل ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر فیشریز محمد ارشدعزیز کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان سیکرٹری زراعت محمد اسرار خان اور ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری خسرو کلیم کی خصوصی ہدایت پر تمام قبائیلی اضلاع میں یہ پروگرام جاری ہے۔
انہوں نے کہا ضلع میں اس ڈیم کے علاوہ باڑہ میلوڈ ڈیم اور پرائیویٹ تالابوں میں بھی جلد مچھلیوں کے بچے فراہم کرینگے جس کا مقصد علاقے کے عوام کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو تازہ مچھلی بھی فراہم کرنا ہے۔ملاگوری علاقے کے مشران اور عوامی حلقوں نے اس پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیشریزڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔