قبائلی اضلاع میں مہلک بیماریوں سے بچائو کی مہم شروع

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بچوں کی 10 مہلک بیماریوں سے بچائو کی 12 روزہ مہم شروع ہوگئی جس میں 7 اضلاع اور 6سب ڈسٹرکٹس میں پیدائش سے لیکر 2 سال تک کے عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ضم اضلاع ڈاکٹر شاہ فیصل کے مطابق بچوں کو ٹی بی، خناق، تشنج، یرقان، گردن توڑ بخار، کالی کھانسی، پولیو، دست اور اسہال کی ویکسین فراہم کی جارہی ہیں جبکہ نمونیہ اور خسرہ سے بچاو کے ٹیکے بھی لگائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) نے خصوصی مہم کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، بچوں تک رسائی کیلئے مساجد، مدارس، سکولوں، حجروں اور عوامی مقامات پر کیمپس لگائے گئے ہیں، ای پی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر اسامہ شبیر کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں مہم میں بچوں کو ٹیکے لگارہی ہیں، مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے باعث دو اضلاع کرم اور اورکزئی میں مہم شروع نہیں کی گئی جہاں 14 ستمبر سے مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

ڈاائریکٹر ہیلتھ سروسز نے مزید کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے بچانا حکومت اور والدین کی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے وسیع پیمانے پر مہم چلائی جارہی ہے ، عوامی آگاہی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے محکمہ صحت کی ٹیمیں والدین اور معاشرے میں اثر رسوخ رکھنے والے افراد کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور انہیں حفاظتی ٹیکہ کی اہمیت اور افادیت سے آگاہی دی رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر بچے تک پہنچنے کے لئے مہم کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تمام بچوں تک پہنچنے سے ضم اضلاع میں بچوں کے امراض کافی حد تک کنٹرول ہوں گے جس کا بچوں کی صحت کے اعشاریوں پر مثبت اثر پڑے گا۔