ملک میں پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت صرف 30 دن کے برابر رہ گئی

زرعی مقاصد اور سستی بجلی کی پیداوار کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی ملکی صلاحیت کم ہوتے ہوتے صرف 30 دن کے برابر رہ گئی ہے

اس تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس سے پانی ذخیرہ کرنے کی ملکی صلاحیت 13.68 ملین ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 14.68 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ جائے گی.

پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہونے سے پانی کی تقسیم پر چاروں صوبوں میں محاذ آرائی میں بھی کمی ہو جائے گی۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی بجٹ دستاویز 22-2021ء کے مطابق پاکستان نے واٹر پالیسی 2018ء کے تحت ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 10 ملین ایکڑ فٹ اضافہ کرنے کا ہدف رکھا ہے.

انہوں نے کہا ہے ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے علاوہ 518 چھوٹے اور درمیانے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔

اس وقت 85 چھوٹے اور درمیانے ڈیم زیر تعمیر ہیں، جنہیں 30 جون 2021ء تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ 20 جون 2022ء تک مزید 28 چھوٹے اور درمیانے ڈیم مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں وفاقی حکومت نے ڈیموں کی تعمیر کیلئے 110 ارب روپے مختص کئے ہیں، جبکہ چاروں صوبے چھوٹے اور درمیانے ڈیموں کی تعمیر کیلئے الگ سے بھی رقوم مختص کریں گے۔

ڈیموں کی تعمیر پر 200 ارب روپے خرچ کرنے کا ہدف مقرر ہے، جس کیلئے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، ایشیائی انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک کے علاوہ دوست ممالک بھی فنڈز فراہم کریں گے۔